سندھ: گاڑی مالکان کیلئے نئی رعایت کا اعلان
محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق، 30 جون 2026 تک گاڑی خریدار بغیر نادرا بائیو میٹرک تصدیق کے اپنے نام پر گاڑی ٹرانسفر کروا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ اس حوالے سے محکمہ ایکسائز نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جو ان کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی دستیاب ہے۔
محکمہ ایکسائز سندھ کی جانب سے گاڑی یا موٹرسائیکل کی ملکیت کی منتقلی کے لیے ایک نیا طریقہ کار جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد جعلسازی اور قانونی پیچیدگیوں سے بچنا ہے۔ نئے نظام کے تحت خریدار اور بیچنے والے دونوں کو نادرا یا ای سہولت سینٹر سے بائیو میٹرک تصدیق کروانا ضروری ہوگا، اس کے بعد ہی منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: میتھ کا لیک پرچہ منسوخ، کیمبرج کا دوبارہ امتحان لینے کا فیصلہ
گاڑی کی ملکیت منتقل کرنے کے لئے نادرا یا ای سہولت سینٹر سے خریدار اور بیچنے والے کی شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔ اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ تیار کیا جائے گا، جس پر دونوں فریق دستخط کریں گے۔ ایکسائز دفتر کا دورہ کر کے ٹوکن حاصل کریں اور درخواست فارم جمع کروائیں۔
مکمل شدہ فارم کے ساتھ لازمی دستاویزات جمع کرائی جائیں گی۔ منتقلی کی فیس اور ٹوکن ٹیکس ادا کیا جائے گا، جو آن لائن یا دفتر میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد رسید جاری کی جائے گی۔ تصدیق کے بعد 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔
گاڑی یچنے کیلئے ضروری دستاویزات میں اصل رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، دستخط شدہ درخواست، فروخت کا معاہدہ، کلیئرنس سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ سائز تصویر شامل ہے۔
خریدار کے لیے ضروری دستاویزات میں شناختی کارڈ کی کاپی، پاسپورٹ سائز تصویر، ویلیڈ وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ، رہائش کا ثبوت (یوٹیلیٹی بل یا کرایہ نامہ) اور گاڑی کا معائنہ سرٹیفکیٹ شامل ہے۔ اس نئے طریقہ کار کے تحت گاڑی کی منتقلی کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگیوں کا سامنا نہ ہو۔