الیکٹرک بائیکس سبسڈی فیز ٹو کا آغاز ہوگیا
سرکاری دستاویزات کے مطابق پہلے مرحلے میں 41 ہزار گاڑیوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس کیلئے 2 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروائیں، تاہم قرعہ اندازی کے ذریعے 41 ہزار افراد کا انتخاب کیا گیا۔ اب تک 1,334 الیکٹرک بائیکس فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ سبسڈی کی رقم بھی براہ راست صارفین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے۔
فیز ٹو کے تحت ہر الیکٹرک بائیک پر 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی اور آئندہ تین ماہ میں مزید ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس متعارف کروائی جائیں گی۔ گریڈ 16 یا اس سے کم درجے کے سرکاری ملازمین کو بلاسود بائیک یا رکشہ فراہم کیا جائے گا، جس کیلئے صرف 10 ہزار روپے ابتدائی ادائیگی ہوگی جبکہ باقی رقم اقساط میں تنخواہ سے کٹوتی کے ذریعے وصول کی جائے گی۔
نئی پالیسی کے مطابق متعلقہ کمپنیاں صارفین کو براہ راست گاڑیاں فراہم کریں گی جبکہ حکومت بعد ازاں سبسڈی کی رقم کمپنیوں کو ادا کرے گی۔
درخواست دینے کا نیا طریقہ بھی متعارف کروایا گیا ہے جس میں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ صوبائی کوٹہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ کیلئے مویشی منڈیاں 13 مئی سے فعال کرنے کا اعلان
اس کے علاوہ 600 نمایاں سرکاری کالج طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، اس سال مجموعی طور پر 1 لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 3,170 رکشے و لوڈرز تقسیم کیے جائیں گے، جس سے ایندھن کی مد میں نمایاں بچت متوقع ہے۔