چارسدہ: شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس قاتلانہ حملے میں شہید
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مولانا محمد ادریس اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملے کے نتیجے میں مولانا محمد ادریس شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: تہرے قتل کا ڈراپ سین، ماں ہی تین بچوں کی قاتل نکلی
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی کانسٹیبلز کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت یا گرفتاری سے متعلق کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
مولانا محمد ادریس کا شمار علاقے کی معروف مذہبی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ درس و تدریس سے وابستہ تھے اور دینی حلقوں میں نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں عقیدت مند، شاگرد اور مقامی شہری ہسپتال پہنچ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب مولانا محمد ادریس کی شہادت پر دینی، سماجی اور عوامی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔