عراق جانیوالے زائرین کیلئے بڑی خوشخبری
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی سے عراق تک فیری سروس شروع کرنے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی سے عراق تک فیری سروس شروع کرنے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فیری سروس کا بنیادی مقصد ان ہزاروں زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے جو ہر سال مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے عراق کا سفر کرتے ہیں، اگر یہ فیری سروس شروع ہو جاتی ہے تو یہ نہ صرف سستی بلکہ ایک محفوظ اور متبادل سفری سہولت بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سروس کے ذریعے زائرین کو فضائی سفر کے مہنگے اخراجات سے بھی نجات مل سکتی ہے اور زیادہ افراد باآسانی زیارت کے لیے سفر کر سکیں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کے تمام تکنیکی، مالی اور سیکیورٹی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ اسے جلد از جلد عملی شکل دی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: تونسہ میں 300 سے زائد بچوں میں ایچ آئی وی کیسز کی تصدیق

مزید برآں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کوسٹ گارڈز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فورس ملک کی سرحدوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، خصوصاً سمندری حدود میں ان کی ذمہ داریاں نہایت اہم ہیں۔

وزیر داخلہ نے انسداد منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ مافیا ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا رہا ہے، اس لیے اس کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ایک منفرد فورس ہے جو زمین اور سمندر دونوں محاذوں پر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھا رہی ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں، اور حکومت ان کی استعداد کار مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ مجموعی طور پر یہ اقدامات زائرین کی سہولت اور ملکی سلامتی دونوں کے لیے نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔