نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت بلوچستان نے صوبہ بھر میں کرایہ داروں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی جبکہ شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو بھی کرایہ پر رہائش دینا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے مکان مالکان کو کرایہ داروں کا ریکارڈ متعلقہ تھانے میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مہمانوں کی اطلاع دینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکومت ِ بلوچستان کی جانب سے ہاسٹلز اور ہوٹلز کو مکمل ریکارڈ رکھنے کا پابند بنا دیا گیا اور سکیورٹی ایکٹ کے تحت خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی تنبیہ جاری کی گئی ہے۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر مقدمہ، گرفتاری اور پراپرٹی سیل کی جا سکتی ہے ، غیر رجسٹرڈ افراد جرائم میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بندش؟ اہم الرٹ آگیا
صوبائی حکومت نے عوام سے کرایہ داروں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کی اپیل کی ہے، حکام کے مطابق یہ اقدام صوبے میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے اقدامات سخت کر دیئے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد رہائشی علاقوں، ہاسٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور کرایہ کی بنیاد پر دی جانے والی دیگر املاک کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنا ہے تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مکان مالکان صرف زبانی معاہدے پر اکتفا نہ کریں بلکہ کرایہ دار کے کوائف، شناختی کارڈ کی نقل، مستقل پتہ، موبائل نمبر اور ضرورت پڑنے پر ضامن کی تفصیل بھی محفوظ رکھیں، اس کے ساتھ ساتھ کرایہ داری کے آغاز اور اختتام کی تاریخ بھی ریکارڈ کا حصہ بنائی جائے تاکہ کسی بھی تفتیش یا جانچ پڑتال کے دوران معلومات فوری طور پر فراہم کی جا سکیں۔