پنجاب میں جماعت ہشتم کے نتائج کا اعلان
پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی
پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی نے جماعت ہشتم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی نے جماعت ہشتم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا کامیابی سے اعلان کر دیا جس میں صوبہ کی طالبات نے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے جماعت ہشتم کے سال 2026 کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا، جس میں مجموعی کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے تاہم طالبات نے نمایاں برتری حاصل کی۔

حکام کے مطابق امتحان میں تقریباً 9 لاکھ 94 ہزار طلبہ و طالبات رجسٹر ہوئے، جن میں سے 8 لاکھ 94 ہزار نے شرکت کی جبکہ حاضری کی شرح 90 فیصد رہی ہے تاہم نتائج کے مطابق 88 فیصد طلبہ مقررہ کامیابی کے معیار سے بھی زیادہ نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک پی ایچ ڈی سکالرز کیلئے نئی پالیسی متعارف

اعدادوشمار کے مطابق طالبات نے ایک بار پھر امتحانات میں طلبہ سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جہاں 92 فیصد لڑکیاں کامیاب رہیں نیز طلبہ کی کامیابی کی شرح 83 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں پہلی تینوں پوزیشنز بھی طالبات نے اپنی نام کیں، جن میں میانوالی کی اقراء خان پہلی، اٹک کی رمیصاء ایمان دوسری اور بہاولپور کی فاطمہ بی بی تیسری پوزیشن پر رہیں۔

پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کو جدید اور شفاف نظام کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں کیو آر کوڈ شدہ کاپیاں، ڈیجیٹل حاضری، مصنوعی ذہانت پر مبنی مارکنگ اور مرکزی نگرانی کا نظام شامل تھا۔ ان اقدامات کے ذریعے امتحانی عمل کو شفاف، تیز اور قابل اعتماد بنایا گیا جبکہ حکام کے مطابق یہ نظام مستقبل میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔