وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اہم دورے کیلئے امریکہ روانہ
Muhammad Aurangzeb
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اہم سرکاری دورے پر امریکہ روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ عالمی مالیاتی اداروں کے اہم اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ واشنگٹن میں ہونے والے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جو 13 سے 18 اپریل تک جاری رہیں گے۔

ان اجلاسوں میں دنیا بھر سے مالیاتی ماہرین، پالیسی ساز اور ترقیاتی شراکت دار شریک ہوں گے، جہاں عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر غور کیا جائے گا۔

امریکہ پہنچنے سے قبل محمد اورنگزیب بوسٹن کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر وہ ماہرین، پالیسی سازوں اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی امکانات پر روشنی ڈالیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ خزانہ اس دورے کے دوران آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، ان ملاقاتوں میں پاکستان کے مالیاتی استحکام، قرض پروگرام اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا سے مذاکرات کیلئے ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کیلئے عالمی سطح پر معاشی روابط کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔