ایران امریکا جنگ بندی، اسلام آباد میں بڑی بیٹھک آج ہو گی
امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی میزبانی میں مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی میزبانی میں مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے۔

امریکا ایران امن مذاکرات میں پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکزبن گیا، امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے جبکہ امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی سٹیووٹکوف ،صدر ٹرمپ کے داماد اور سینئر مشیر جیرڈکشنر پاکستان آئیں گے، ایرانی وفد وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں مذاکرات میں شرکت کرے گا۔

فریقین کی پاکستانی قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوں گی، فریقین کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ آج جبکہ دوسرا کل ہوگا، مذاکرات میں عارضی جنگ بندی کو مستقل بنانے پر بات ہو گی، امریکہ کے 15 اور ایران کے 10 نکات پر مستقل امن کی راہ نکالی جائے گی۔

مذاکرات کے لیے غیر ملکی وفود کی پاکستان آمد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، وزارت داخلہ نے تمام ایئر لائنز کو ہدایات جاری کر دیں، ایئرپورٹس پر خصوصی 'فیسیلی ٹیشن ڈیسک' بھی قائم کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں جاری مذاکرات سے بہت پُرامید ہوں، امریکی صدر

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ویزہ آن آرائیول کی سہولت صرف امریکا اور ایران سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو حاصل ہو گی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر پیغام میں کہاکہ پاکستان مذاکرات میں شریک ممالک کے مندوبین بشمول صحافیوں کا خیرمقدم کرتا ہے، ایئر لائنز تمام افراد کو بغیر ویزہ بورڈنگ کی اجازت دیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے بہت پُرامید ہوں، ایرانی رہنما بہت حد تک معقول ہیں، اگر انہوں نے معاہدہ نہ کیا تو بہت تکلیف دہ ہوگا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو لبنان پر آپریشن کی شدت کم کرنے کا کہہ دیا ہے، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکروں سے فیس وصول کرنے کی اطلاعات ہیں، ایران اس عمل کو فوراً بند کرے، آبنائے ہرمز میں جو ہو رہا ہے یہ معاہدے کے مطابق نہیں، جلد ایران کی مدد یا اس کے بغیر تیل کی ترسیل شروع ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ نہیں چاہتا مگر حقوق پر سمجھوتہ نہیں، مجتبیٰ خامنہ ای

دوسری طرف ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے حقوق سے دستبردار بھی نہیں ہوگا،ایرانی عوام اس جنگ کی فاتح قوم ہے۔

ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں ایران پوری اتھارٹی کے ساتھ شرکت کرے گا۔

ایرانی صدرمسعودپزشکیان کاکہنا تھا کہ ایران لبنان کوکبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، ہماری انگلیاں ٹریگرپرہیں ، لبنان میں اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی جارحیت کا تسلسل جنگ بندی معاہدے کوبے اثرکردے گا۔