زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز قلات سے 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 11 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں و دکانوں سے کھلے مقامات پر نکل آئے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین کے مطابق زمین کی سطح 3 بڑی پلیٹوں سے بنی ہوتی ہے، پہلی تہہ یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری کا نام اریبین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی رہتی ہے تو یہ پلیٹس ایک جگہ سے دوسری جگہ سرکتی ہیں اور زمین ہلنا شروع ہو جاتی ہے یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رات گئے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 5.8 شدت کا زلزلہ
زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں طرف یلغار کرتی ہیں اور خوف و ہراس پھیل جاتا ہے، زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں بہت ہوتا ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 5 واں بڑا حساس ترین ملک شمار کیا جاتا ہے، پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر موجود ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے۔ یوریشین پلیٹ کے نیچے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری و ساری ہے۔
پاکستان کے 2 تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنے والی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔