پرویزالہٰی کی پی پی میں شمولیت کی افواہیں بے بنیاد: فیملی ذرائع
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی
چودھری پرویز الہٰی کے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے متعلق خبروں کو خاندانی ذرائع نے یکسر مسترد کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے پیپلز پارٹی میں ممکنہ شمولیت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو ان کے خاندانی ذرائع نے یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اطلاعات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مخالفین اس قسم کی جھوٹی خبریں پھیلا کر پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چودھری پرویز الہٰی نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ آئندہ بھی پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھیں گے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر بغیر تصدیق کے یقین کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے، اس لیے کارکنوں اور عوام کو چاہیے کہ وہ مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے وفادار کارکنان کو چاہیے کہ جہاں کہیں بھی اس قسم کی افواہیں سامنے آئیں، ان کی فوری تردید کریں اور حقیقت کو سامنے لائیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بازار، مارکیٹیں ، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

خاندانی ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہٰی اور ان کے خاندان نے پاکستان تحریک انصاف کے لیے مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور متعدد قربانیاں دی ہیں۔ ایسے میں ان کے بارے میں اس طرح کی خبریں پھیلانا نہ صرف افسوسناک بلکہ حقیقت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان افواہوں پر یقین کرنا دراصل ان عناصر کے بیانیے کو تقویت دینا ہے جو پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

ذرائع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی کارکنان متحد رہیں اور کسی بھی قسم کی گمراہ کن معلومات یا پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، اور ایسی افواہیں اسی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔