خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر معاشی طور پر کمزور طبقے کے لیے "احساس فیول سپورٹ پروگرام" شروع کیا گیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز آج 6 اپریل سے ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد روزانہ سفر کرنے والے شہریوں اور چھوٹے ٹرانسپورٹرز پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق احساس فیول سپورٹ پروگرام کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے بطور ایندھن سبسڈی فراہم کی جائے گی اور یہ پروگرام خاص طور پر موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشہ مالکان کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
حکومت نے رجسٹریشن کے عمل کو سہل اور شفاف بنانے کے لیے "دستک ایپ" متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے اہل شہری گھر بیٹھے اپلائی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے ایرانی پٹرول کی قیمت 280 روپے لٹر مقرر کر دی
معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کو یہ سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ نظام میں شفافیت برقرار رہے، یہ اقدام براہِ راست غریب طبقے اور روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے تحت خیبرپختونخوا حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے اس طرح کے مزید ریلیف اقدامات متعارف کرانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔