وکلاء کو گاڑیوں سے ایڈووکیٹ پلیٹس ہٹانے کا حکم
Sindh Bar Council
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ بار کونسل نے صوبے بھر کے وکلاء کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اپنی گاڑیوں سے غیر مجاز مونوگرام اور نشانات ہٹا دیں۔
3 اپریل کو جاری کیے گئے ایک سرکلر میں کونسل نے کہا کہ اسے سندھ پولیس کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں گاڑیوں پر ایڈووکیٹ، ہائی کورٹ آف سندھ، اور سندھ بار کونسل جیسے القابات والے مونوگرام کے بے جا استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تمام وکلاء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر سواریوں سے یہ مونوگرام، دھاتی پلیٹس اور نشانات مقررہ مدت کے اندر ہٹا دیں۔
سرکلر میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدالتوں کے احاطے میں ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی جائے گی جو غیر مجاز نشانات استعمال کر رہی ہوں، اور ان کے خلاف متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی شروع کی جائے گی۔
کونسل نے یہ بھی نوٹ کیا کہ بعض وکلاء اپنے وزٹنگ کارڈز پر سندھ بار کونسل کا نشان بھی شائع کر رہے ہیں جسے پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ مقررہ مدت کے بعد پریولیج اور ویجیلنس کمیٹی کو معلومات جمع کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جو کیسز کو ڈسپلنری کمیٹی کے حوالے کرے گی۔ تاہم سرکلر میں واضح کیا گیا کہ صرف سندھ بار کونسل کے منتخب اراکین کو ہی قواعد کے مطابق سرکاری مونوگرام یا نشانات استعمال کرنے کی اجازت ہے۔