بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اندرونی کہانی
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) کی سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
فوٹو بشکریہ جے یو آئی سوشل میڈیا
اسلام آباد: (سنو نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) کی سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، نیئر حسین بخاری اور چودھری یاسین موجود تھے جبکہ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود بھی شریک تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی جے یو آئی کو سندھ، بلوچستان حکومت شامل کرنے کی خواہاں ہے، ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو صوبائی حکومتوں میں شمولیت کی با ضابطہ دعوت دی ہے۔

جے یو آئی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے صوبائی حکومتوں میں شمولیت سے متعلق پارٹی سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف کیس میں اسلام آباد پولیس کا انوکھا کارنامہ

مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالہ سے کوئی بھی فیصلہ پارٹی سے مشاورت کے بعد ہی کر سکتا ہوں۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کے درمیان ممکنہ اتحاد کے خلاف کمر کس لی ہے۔

ذرائع کے مطابق جی ڈی اے رہنما نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے وقت مانگ لیا ہے، جی ڈی اے کا وفد کچھ ہی دیر میں مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پہنچے گا۔