ایک ساتھ چار تعطیلات کا اعلان
Easter holidays Pakistan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): ایسٹر کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے قونصل خانے میلبورن نے ایسٹر کے موقع پر 3 اپریل سے 6 اپریل تک چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ ان تعطیلات میں 3 اپریل کو گڈ فرائیڈے اور 6 اپریل کو ایسٹر منڈے شامل ہیں جبکہ 4 اور 5 اپریل کو معمول کے ہفتہ وار چھٹیاں ہوں گی۔

ان تعطیلات کے باعث قونصل خانہ مسلسل چار دن بند رہے گا۔ حکام کے مطابق دیگر ممالک میں موجود پاکستانی سفارت خانے جہاں ایسٹر کی چھٹیاں منائی جاتی ہیں اسی مدت کے دوران بند رہیں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں ایسٹر کی تقریبات کے پیش نظر سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس نے مسیحی برادری کو پرامن طریقے سے مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت کا علی ظفر کے حق میں فیصلہ،میشا شفیع پر بھاری جرمانہ عائد

انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور نے تصدیق کی ہے کہ ایسٹر تقریبات کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

حساس گرجا گھروں پر خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے جن میں اسنائپرز اور کمانڈوز کی تعیناتی بھی شامل ہے۔ تمام افراد کی سخت چیکنگ کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ کمیونٹی رضاکاروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں، افراد یا اشیاء پر کڑی نظر رکھیں۔ ان اقدامات کا مقصد ایسٹر کی تقریبات کو محفوظ اور پُرامن بنانا ہے۔