آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا، اوگرا نے اپریل کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اپریل سے ایل پی جی 78 روپے 28 پیسے فی کلو مہنگی کر دی گئی قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 304 روپے 11 پیسے فی کلو مقرر کر دی گئی۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 923 روپے 71 پیسے مہنگا کر دیا گیا، ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 588 روپے 59 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تاجر برادری نے جی ایس پی پلس کیخلاف پراپیگنڈا مسترد کر دیا
قبل ازیں ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے سربراہ عرفان کھوکھر نے خطے میں جنگ کی صورتحال کے پیش نظر ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں بڑے پیمانے پر اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 90 سے 100 روپے مزید اضافہ ہو سکتا ہے ، ایل پی جی کی فی کلو قیمت 500 روپے تک پہنچ سکتی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں ایک ہزار روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے، کمرشل سلنڈر 4500 روپے تک بڑھ سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا ایک نیا طوفان آ سکتا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 238 ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔