تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی تدریسی سرگرمیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، حکومت کی جانب سے ہفتے میں 4 دن اسکول کھولنے یا ہائبرڈ نظام نافذ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں ہفتے میں 5 دن کھلی رہیں گی اور تمام تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی، کلاسز مکمل طور پر فزیکل ہوں گی اور آن لائن یا ہائبرڈ نظام پر منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری سکولوں کیلئے نیا شیڈول آگیا
رانا سکندر حیات نے طلبہ، اساتذہ اور والدین کو ہدایت کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور سرکاری اعلانات پر ہی اعتماد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام طلبہ باقاعدگی سے تعلیمی اداروں میں حاضر ہوں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ تعلیمی نظام میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور تعلیمی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ افراد حکومتی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کریں، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔