کراچی کا نوجوان ایران میں امریکی حملے میں شہید
US missile attack
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ماڑی پور یونس آباد سے تعلق رکھنے والے یاسر خان نامی نوجوان ایران کے شہر بندر عباس میں امریکی میزائل حملے میں جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کے پانچ روز گزرنے کے باوجود ان کی میت ابھی تک پاکستان منتقل نہیں کی جا سکی، جس پر اہل خانہ شدید پریشانی اور کرب کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یاسر خان 23 مارچ کی شب بندر عباس کی بندرگاہ پر ایک ٹگ بوٹ پر موجود تھے جب اچانک امریکی حملے میں وہ شہید ہو گئے۔ اہل خانہ کے مطابق یاسر گزشتہ 6 ماہ سے اسی ٹگ بوٹ پر کام کر رہے تھے اور روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھے۔

یاسر خان 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے اور ان کا ایک تین سالہ بیٹا بھی ہے، اہل خانہ نے بتایا کہ یاسر کی اچانک موت نے پورے خاندان کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ نہ صرف اس نقصان کا دکھ برداشت کر رہے ہیں بلکہ میت کی واپسی میں تاخیر نے ان کی تکلیف میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اب تک حکومتی سطح پر ان سے کوئی مؤثر رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی میت کی واپسی کیلئے واضح اقدامات سامنے آئے ہیں۔ خاندان اپنی مدد آپ کے تحت مختلف ذرائع سے کوششیں کر رہا ہے تاکہ یاسر خان کی میت کو جلد از جلد وطن واپس لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:جلد ہی ایران سے نکل جائیں گے: امریکی نائب صدر

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کیلئے حکومتی سطح پر فوری اقدامات اور ہنگامی رابطے ناگزیر ہیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات میں اہل خانہ کو زیادہ صدمہ نہ پہنچے۔