وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
فوٹو سکرین گریب
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 95 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے اضافے کی تجویز دی گئی جو میں نے مسترد کر دی ہے ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے رواں ہفتے مزید 56 ارب روپے کا بوجھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے آج کی تاریخ میں پٹرول 544 روپے فی لٹر ہونا چاہیے تھا جو حکومت عوام کو 322 روپے میں دے رہی ہے جبکہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 790 روپے ہونی چاہیے تھی جو حکومت آپ کو 335 روپے میں فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میرے لیے عوام کے معاشی تحفظ کے سوا کچھ نہیں ہے، دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دو گنا ہو چکی ہیں لیکن حکومت نے مہنگائی کے اس طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روک رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی محاذ پر دن رات متحرک ہیں، پاکستان دو محاذوں پر نہایت کامیابی سے کام کر رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ خطہ اور دوست ممالک تباہ کن جنگ سے نجات پائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے متعدد بار ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان سے تفصیلی گفتگو کی، پاکستان کی سفارتی کوششیں محض بین الاقوامی کوشش نہیں بلکہ مذہبی فریضہ بھی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی اس عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے تاکہ پاکستان خطے میں امن کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔