ملک بھر میں آج انتیسواں روزہ ہے اور شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس آج شام منعقد ہوں گے۔
اس حوالے سے سپارکو کے ماہرین نے سائنسی بنیادوں پر اپنی رائے پیش کی ہے، سپارکو کے شعبہ فلکیات کے سربراہ غلام مصطفیٰ لغاری کے مطابق نیا چاند جمعرات 19 مارچ 2026 کو صبح 06:23 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے، تاہم غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی، جو رویت کیلئے ناکافی سمجھی جاتی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق چاند نظر آنے کیلئے اس کی کم از کم عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے، جبکہ افق پر اس کی موجودگی کا دورانیہ 40 سے 45 منٹ ہونا چاہیے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان صرف 28 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس کے باعث آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
سپارکو کی پیشگوئی کے مطابق ملک بھر میں عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائے جانے کا قوی امکان ہے، دوسری جانب سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں بھی چاند نظر نہ آنے کے باعث وہاں عید جمعہ 20 مارچ کو منائی جائے گی۔
حتمی اعلان تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا، جس کا انتظار ملک بھر میں بے چینی سے کیا جا رہا ہے۔