شہر کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا۔
عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع صدر کے علاقے میں واقع طاہری مسجد میں ہوا، جہاں بوہری جماعت کے افراد کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی، اس کے علاوہ پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی اور حیدری کے علاقوں میں بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات دیکھنے میں آئے۔
نماز عید کے بعد شرکاء نے ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارک باد دی اور خوشیاں تقسیم کیں، اس موقع پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوش حالی اور امن و استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خاتمے اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے بھی دعا کی۔
سیکیورٹی کے حوالے سے بھی انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، مساجد اور اطراف کے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات رہی۔
یہ بھی پڑھیں:چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
بوہری برادری کی جانب سے عید الفطر کی یہ تقریبات نہ صرف مذہبی عقیدت کا اظہار تھیں بلکہ بھائی چارے، محبت اور قومی یکجہتی کا بھی عملی مظہر بنیں۔