پی ٹی آئی کا عید کے بعد بانی کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عید الفطر کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عید الفطر کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبرنے کہا کہ عید کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے امن موومنٹ کا آغاز کیا جائے گا، جس کا مقصد آئین وقانون کی بالادستی اورحقیقی آزادی کا حصول ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی بدحالی اور نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کے لیے یہ تحریک ناگزیر ہو چکی ہے، تحریک کا بنیادی مقصد آئین اورقانون کی بحالی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عید کے بعد تحریک کے رہنماؤں کے ناموں کا اعلان وفاقی اور ضلعی سطح پر کیا جائے گا جب کہ اس تحریک کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ، میڈیکل ٹیم واپس روانہ

صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبرخان کا کہنا تھا کہ یہ ایک پرامن تحریک ہوگی اور اس کا مقصد تصادم نہیں بلکہ اتحاد اور جمہوری جدوجہد ہے، پی ٹی آئی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر ایک لاکھ افراد کو رجسٹر کیا جائے گا، جس کے بعد منظم احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، اس بار ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے چاروں صوبوں سے بھرپور اور منظم انداز میں کارکنان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

ضرور پڑھیں