جیل انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکاما ت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا، ہائی کورٹ کی ہدایات پر چیف کمشنر نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا، نئے میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم عمران خان کا جیل میں طبی معائنہ کیا۔
میڈیکل ٹیم میں پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف حسین، پروفیسر اختر علی، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر علی عارف، ڈاکٹر عارف خان اور شفا آئی ٹرسٹ کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی بھی شامل تھے، میڈیکل ٹیم کو جیل ہسپتال کے طبی عملہ کا تعاون بھی حاصل رہا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی موجودگی میں کیا گیا جبکہ چیک اپ کے دوران تمام ضروری طبی آلات اور سہولیات دستیاب تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی صحت کا معاملہ، میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم
سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے بعد میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی، میڈیکل ٹیم اپنی رپورٹ مرتب کر کے کمشنر اسلام آباد کو پیش کرے گی، بانی کو ہسپتال منتقل کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے بھی اپنی سفارشات دے گی۔
یاد رہے کہ 12 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔