وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کو پاکستانی شہری ہونے کے ناطے اپنے نائیکوپ کارڈز پر پاکستان آنے کی اجازت ہے اور انہیں ویزا کی ضرورت نہیں ہو گی۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ تاہم عمران خان کے بچے اپنے قیام کے دوران پاکستان کے قوانین کی مکمل پابندی کریں گے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی تھی کہ بیٹوں کو والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹوں کی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے، جمائما کی وزیراعظم سے اپیل
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان نے جنوری میں دوبارہ ویزوں کے لیے درخواست دی تھی تاکہ وہ پاکستان جا کر اپنے والد عمران خان سے ملاقات کر سکیں۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے قونصل خانے کے مطابق آن لائن ویزا پروسیسنگ عام طور پر 7 سے 10 کام کے دنوں میں مکمل ہو جاتی ہے ، اب درخواست دیے 60 روز گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے براہِ راست اپیل ہے کہ براہِ کرم عمران خان کے دونوں بیٹوں کو جلد از جلد اپنے والد سے ملنے کی اجازت دی جائے، خاص طور پر اس لیے کہ اطلاعات کے مطابق ان کی صحت خراب ہو رہی ہے۔