رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نے کل بروز بدھ کی کاز لسٹ جاری کر دی، جسٹس انعام امین منہاس عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی درخواست پر کل سماعت کریں گے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے دوران ان تک رسائی دی جائے، سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق فوری اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ان کی پسند کے ڈاکٹرز سے کروانے کا انتظام کیا جائے، ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ بورڈ میں شامل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں اور علاج کے لیے انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، دوران حراست اور علاج کے دوران معالجین، اہلِ خانہ اور وکلاء کو بانی پی ٹی آئی تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گزشتہ تین ماہ کی بلڈ ٹیسٹ، آئی ٹیسٹ اور تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل طبی رپورٹس فراہم کی جائیں۔