تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے صوبے کے تمام رجسٹرڈ موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی سبسڈی سکیم کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت تقریباً 14 سے 16 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں موجود ہیں، حکومت کے نئے پروگرام کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو 2200 روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی، اس ریلیف پیکج کے تمام اخراجات صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا عید سے قبل تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا اعلان
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود بی آر ٹی سسٹم کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عام مسافر متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر پیٹرول بم گرانے کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے وفاقی حکام پر زور دیا کہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی لائی جائے، قیمتوں میں اضافے جیسے اہم فیصلوں پر صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے، اگرچہ وزیراعلیٰ نے سبسڈی کی رقم کا اعلان کر دیا ہے، تاہم یہ رقم بائیک مالکان تک کیسے پہنچائی جائے گی (مثلاً بینک اکاؤنٹ یا احساس پروگرام کی طرز پر)، اس کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔