پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ انداوزی، وزیراعظم کا بڑا حکم
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندازوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزارت پٹرولیم نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں، جو بھی پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہو، اسکو فورا بند کیا جائے اور اوگرا اس کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کاروائی کرے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کا مطالبہ

وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت دی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ان کی عوام کو بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت سے متعلق ڈیش بورڈ بنایا جائے، جس کے زریعے صوبوں کیساتھ ریل ٹائم میں ڈیٹا شیئر ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے۔

واضح رہے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور اعلی سرکاری حکام شریک ہوئے۔
 

ضرور پڑھیں