ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پیدا ہوئے والی صورتحال نے خطے سمیت پاکستان میں بھی ردعمل پیدا کیا ہے، جس کے بعد کئی شہروں میں احتجاج دیکھنے میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی حملے میں سپریم لیڈر آیت اللہ شہید، ایران کی تصدیق
حکام کا کہنا ہے کہ حساس مقامات پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے خصوصاً امریکی قونصل خانے کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، سیکیورٹی کے پیش نظر قونصل خانے کے گرد کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر راستے بند بھی کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے جن میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ادارے مزید متحرک ہوگئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کریں۔