اطلاعات کے مطابق پاکستان کی معروف موبائل اسٹریمنگ ایپ “تماشہ” اور نجی نیوز چینلز کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں ہیکرز کی جانب سے نیوز چینلز اور تماشہ ایپ پر ریاست مخالف مواد نشر کیا گیا۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے حملوں کا مقصد حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنا، نظام کو مفلوج کرنا یا عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سسٹمز کو محفوظ بنانے اور ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل اور انٹرنیٹ صارفین کیلئے سائبر سکیورٹی الرٹ جاری
حکام نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ایپس اور پاس ورڈز کو اپ ڈیٹ رکھیں اور مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر حملوں کے حوالے سے معاملے کو دیکھا جا رہا ہے، سائبر حملوں کی ٹیکنیکل ٹیمیں کام کر رہی ہیں، کچھ آن لائن ایپلی کیشنز پر کچھ پیغامات آئے ہیں ، سائبر حملوں پر تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر اطلاعات کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کو پاکستان سے بہت تکلیف ہے۔