پنجاب: صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری
پنجاب حکومتِ نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، محکمہ داخلہ کی جانب سے سیکشن 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومتِ نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، محکمہ داخلہ کی جانب سے سیکشن 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ دہشتگردی کے ممکنہ خطرات اور امن عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں فوری طور پر اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق حساس اجتماعات دہشتگردی کا ہدف بن سکتے ہیں، رپورٹس کے مطابق شرپسند عناصر کسی اجتماع میں شریک علماء کرام کو نشانہ بنا کر بدامنی اور فرقہ وارانہ فسادات برپا کر سکتے ہیں، فرقہ وارانہ کشیدگی اور امن عامہ میں خلل کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، عوامی مقامات پر بغیر اجازت اجتماع منعقد کرنے پر پابندی ہو گی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی پابندی سے مستثنیٰ ہیں،شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین سے متعلق اجتماعات ، سرکاری، نیم سرکاری دفاتر کے اجلاس اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس اور انتظامیہ مظاہرین کے احساسات کو سمجھیں، مریم نواز

محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب میں اسلحہ کی نمائش اور عوامی مقامات پر استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، لائسنس یافتہ اور بغیر لائسنس ہر قسم کے اسلحہ پر پابندی لاگو ہو گی، دفعہ 144 کے تحت پابندیاں 7 روز کیلئے نافذ کی گئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

ضرور پڑھیں