وزارتِ اطلاعات کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان نے غلط اندازہ لگاتے ہوئے خیبر پختونخوا میں سرحدی مقامات پر فائرنگ کی۔ بیان کے مطابق چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ کے سیکٹرز میں سکیورٹی فورسز نے نہایت ذمہ داری کے ساتھ جوابی کارروائی کی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق افغان فورسز کو جانی اور مالی لحاظ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ متعدد سرحدی چوکیاں اور عسکری سازوسامان تباہ کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بروقت جواب دیا جا سکے۔
حکومتِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ملک کی علاقائی سالمیت اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا دراندازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سکیورٹی ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور قومی دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
فائل فوٹو