اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔ سماعت کے دوران وکلاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اپیلوں پر عائد اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں اور درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دو متفرق درخواستیں منظور کر لیں۔ عدالت نے مرکزی اپیلوں پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کیے گئے اعتراضات ختم کرنے کی درخواست بھی منظور کی۔ اس کے علاوہ اعتراضات دور کرنے کے لیے وقت میں توسیع کی متفرق درخواست بھی عدالت نے منظور کر لی۔
یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس اور توشہ خانہ ٹو کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سزاؤں کی معطلی اور اپیلوں پر فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی، جس پر عدالت نے پیش رفت کرتے ہوئے 11 مارچ کو تاریخ مقرر کر دی ہے۔