موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کل 30 فیصد تک بارش کا امکان ہے، جس کے بعد شہریوں کو موسم میں ٹھنڈک اور تازگی محسوس ہو سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں فروری کے آخر اور مارچ کے آغاز میں بھی بارش کے امکانات کا عندیہ دیا ہے۔ بارش کے آغاز سے نہ صرف موسم خوشگوار ہوگا بلکہ فضائی آلودگی میں بھی کچھ حد تک کمی آ سکتی ہے۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر ہے اور لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 267 ریکارڈ ہوا ہے، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح درج ذیل ہے: سی اے پی آر آفس میں 288، ماڈل ٹاؤن میں 257، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 267 اور سول سیکرٹریٹ میں 234۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں پاکستان کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا آغاز
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آلودہ فضا میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد محتاط رہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق زیادہ آلودہ ہوا میں قیام سانس کی بیماریوں، آنکھوں کے امراض اور دیگر صحت کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ماسک کا استعمال کریں، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، فضائی آلودگی سے بچاؤ کیلئے پودوں کی افزائش اور صاف ستھری سرگرمیوں پر توجہ دیں تاکہ صحت کے خطرات کم سے کم ہوں۔