ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیموں کو کسی قسم کی معاونت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے، شہری غیر رجسٹرڈ اور کالعدم خیراتی اداروں کو زکوٰۃ، خیرات اور عطیات مت دیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی امداد کرنے والے افراد قانون کے شکنجے میں آئیں گے، پنجاب میں خیراتی اداروں کے لئے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے، شہری اپنی زکوٰۃ، خیرات اور عطیات صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو ہی دیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کہا گیا کہ تمام رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے کی جا سکتی ہے، شہری یقینی بنائیں کہ ان کی امداد دہشت گردوں کی بجائے صحیح حق دار تک پہنچ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مزدور کارڈ میں نقد رقم کی سہولت متعارف
جاری کردہ فہرست میں متعدد ممنوعہ تنظیموں کے نام شامل ہیں جن میں مختلف شدت پسند اور عسکری گروہ بھی درج ہیں، اسی طرح کچھ ایسے ادارے بھی شامل کیے گئے ہیں جو بظاہر رفاہی یا خیراتی ناموں سے سرگرم تھے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کی فہرست محکمہ داخلہ پنجاب اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا ) کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دی گئی ہے، دھوکہ دہی، دہشت گردی یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کی شکایت محکمہ داخلہ تک پہنچائیں۔