اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے جیل میں ایک علیحدہ کمپاؤنڈ مختص کیا گیا ہے جو 7 سیلز پر مشتمل ہے اور اس میں 35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپاؤنڈ کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری بھی موجود ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے 35 بائی 37 فٹ کا لان بھی مختص کیا گیا ہے جہاں وہ چہل قدمی کے علاوہ اخبارات اور کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں، مزید برآں انہیں ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین اور جم کے سامان کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی صبح ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی اور چیا سیڈز کا استعمال کرتے ہیں، جبکہ مسمی اور انار کا تازہ جوس بھی ان کی غذا میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقدامِ قتل کیس، عدالت کا عمران خان کو گرفتار نہ کرنیکا حکم
دوپہر کے کھانے میں بانی پی ٹی آئی کو دیسی مرغ ، مٹن، سلاد، مکسڈ اچار، آلو چپس، فرائی انڈہ اور مکس دال فراہم کی جاتی ہے جبکہ شام کی غذا میں وہ بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، کھجور، کیلا اور سیب کا شیک لیتے ہیں۔
اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام بنیادی اور اضافی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔