ایڈیشنل ایس ایچ او گل مانو دین فائرنگ میں شہید
Gul Mano Din martyrdom
فائل فوٹو
باجوڑ: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں قانون شکن عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او گل مانو دین شہید ہو گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ رات تحصیل واڑہ ماموند کے ایک پولیس اسٹیشن پر پیش آیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہوئے اور جامِ شہادت نوش کر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید افسر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں لغڑئی میں ادا کی گئی، جس میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

یاد رہے کہ 2009ء میں دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے دوران ان کے والد جمعہ دین بھی نختر چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں شہید ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی ایس پی اسلام الدین خان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے

شہید ایڈیشنل ایس ایچ او سوگواران میں بیٹا عبدالرشید اور بھائی تاج محمد، اسرار اور نیاز محمد کو چھوڑ گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔