مراد سعید کا سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان
رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل مراد سعید کا سادہ کاغذ پر لکھا استعفیٰ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ اس جعلی پارلیمان جس کی بنیادجعلی اور ناجائز ہے آج اس ملک کے عوام کے مینڈیٹ کی بدترین توہین کی سیاہی قوم کے نصیبوں پر ملنے کی ہر کوشش کی ساجھے دار ہے، جہاں آئین پر حلف لے کر آئین کی شکل مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی عمارت کو روند کر اس کے اراکین کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کسٹوڈین آف دی ہاؤس کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، یہ پارلیمان غیر آئینی قوتوں کی ربڑ سٹیمپ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ، میڈیکل ٹیم واپس روانہ

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جہاں (پارلیمان) سابق وزیراعظم کے لیے بنیادی انسانی حقوق مانگنے والے اراکین خود محصور ہیں، میں ایسے پارلیمان کی نمائندگی سے بطور احتجاج استعفیٰ دیتا ہوں۔

مراد سعید نے مزید کہا کہ ہمیں فوری طور پر سینیٹ، قومی اسمبلی، پنجاب اور سندھ اسمبلی سے یکمشت استعفے دینے چاہئیں، ملک کےتمام شہروں میں عوام، پارٹی تنظیمیں، یوتھ ونگ اور آئی ایس ایف اپنےاپنے شہروں کی مرکزی سڑکیں بند کرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں۔