عمران خان کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ، میڈیکل ٹیم واپس روانہ
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ جاری ہے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی:(ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ کرنے والی ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔

جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹروں نے تقریبا ایک گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر رفاق،ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹرعارف بھی شامل تھے، ڈاکٹر اپنی رپورٹ مکمل کرکےحکومت کے حوالے کریں گے۔

قبل ازیں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا تھا کہ مختلف ہسپتالوں کے طبی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ اڈیالہ جیل پہنچا ہے، طبی ٹیم آنکھوں کے معائنے کے لیے ضروری طبی سامان کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں موجود ہے۔

اِسی طرح سابق وزیراعظم کے مکمل طبی معائنے کے لیے انتظامات کو پہلے ہی مکمل کرلیا گیا تھا، سابق وزیراعظم کا اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا معائنہ شروع کر دیا گیا، ڈاکٹرز کی ٹیم مختلف طبی آلات اور ادویات ساتھ لے کر آئی ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ سخت سکیورٹی انتظامات میں میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی چیک اپ کیا جا رہا ہے جب کہ طبی ٹیم کی رپورٹ جلد مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔
جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی آنکھ کے معائنے کے بعد فیصلہ ہو گا کہ بانی پی ٹی آئی کو کس ہسپتال منتقل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ، عمران خان کی ضمانت کیلئے درخواست دائر

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان صحت سے متعلق تحفظات پر اپوزیشن اتحاد نے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور ہسپتال منتقل نہ کرنے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کا اعلان کیا تھا، اپوزیشن اتحاد کا دھرنا آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی حکومت نے عمران خان کی آنکھوں کے چیک اپ کے لیے الشفاء آئی ہسپتال کے دو ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا جو آج اڈیالہ جیل پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ 16 فروری سے پہلے عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔