ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق خوفناک حادثہ حیدر آباد سے کراچی آنے والے ٹریک پر کاٹھور کے قریب پیش آیا، آئل ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہوا اور قریب سے گزرتی مسافر ہائی ایس وین پر الٹ گیا، ایک کار بھی آئل ٹینکر کی زد میں آئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور موٹروے پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو کے مطابق خوفناک حادثے میں مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے، زخمیوں کی شناخت عمران ولد عامر جان عمر تین سال ، ابرار ولد عامر جان عمر دو ماہ، رضوان ولد غلام جان عمر 14 سال، عافیہ دختر غلام جان عمر 12 سال، امان ولد غلام جان عمر 25 سال اور رحیمہ دختر غلام جان عمر پانچ سال سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خضدار کے قریب زلزلے کے جھٹکے
ذرائع جانب سے بتایا گیا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں میں سے صرف رفیع اللہ ولد صاحب جان عمر 35 سال اور منیبہ دختر امیر جان عمر 12 سال کی شناخت ہوئی جبکہ دیگر کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔
آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے، تیل کے اخراج اور ممکنہ خدشات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے تعاون سے حفاظتی و احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت، جائے حادثہ اور اطراف کے علاقے کو فوری طور پر محفوظ بنانے کا حکم دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی حیدرآباد موٹروے ایم 9 پر ہونے والے ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کاٹھور کے قریب ایم نائن موٹروے پر مسافر بس کے حادثے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
اس کو بھی پڑھیں: نادرا کا شناختی تصدیق کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف
کامران ٹیسوری نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار اور صبر جمیل کی دعا کی جبکہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ایس ایس پی ملیر نے حادثے میں 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ، زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیاہے، حادثے کے بعد سڑک کو کلیئر کر دیا گیا، ٹریفک کی روانی بحال ہے۔
حادثے کے مقام پر ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ افسوسناک واقعہ میں اب تک 13 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے ہیں، آئل ٹینکر اور ہائی ایس وین کے ڈرائیور جاں بحق ہو چکے ہیں، سڑک پر الٹنے والے ٹینکر سے آئل بہہ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط کے ساتھ کیا جا رہا ہے، ٹریک کو مکمل طور پر کلیئر کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے، حادثے کے مقام پر ایم نائن موٹر وے کے دو ٹریک غیر فعال ہیں، ایک ٹریک سے ٹریفک کو گزارا جا رہا ہے۔