پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلہ 13 فروری کو صبح 10 بج کر 52 منٹ پر آیا۔
پی ایم ڈی کے مطابق زلزلے کا مرکز خضدار سے تقریباً 75 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب واقع تھا اور اس کی گہرائی 33 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے بعد علاقے میں فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے اچانک محسوس ہوئے، چند لمحوں کیلئے عمارتوں میں لرزش محسوس ہوئی، تاہم کوئی خوفناک واقعہ پیش نہیں آیا۔ زلزلے کی شدت معمولی نوعیت کی تھی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر خوف و ہراس نہیں پھیلا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان زلزلہ خیز علاقے میں آتا ہے، یہاں وقتاً فوقتاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے زلزلے ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زلزلے کے دوران حفاظتی اقدامات اپنائیں اور بلند عمارتوں یا کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لیسکو کے نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے ایکسپورٹ ریٹ میں کمی
پی ایم ڈی کی جانب سے شہریوں کو الرٹ رہنے اور مزید معلومات کیلئے مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے زلزلے کے اثرات کی نگرانی شروع کر دی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔