سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک بیان میں رہنما پاکستان مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جیل سخت ہویا نرم اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ایک آنکھ اور بینائی کے متاثر ہونے کی خبریں پریشان کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوری اور مؤثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے، مریض اگر قیدی اور آپ کا سیاسی مخالف بھی ہوتو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ یا پارٹی کو سپریم کورٹ تک جانے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی دینے کا حکم
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلٰی ظرفی نہیں ہو گا، حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری مؤقف جاری کیا جائے۔
لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اہلخانہ سے ان کی ملاقات کروائی جائے، بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے مطابق ڈاکٹرز کو ان تک رسائی دی جائے، بانی پی ٹی آئی کے بہترین علاج کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔