ڈی آئی خان: دہشتگردوں کی فائرنگ، ایس ایچ او سمیت چار اہلکار شہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 فتنہ الخوارج واصل جہنم ہو گئے۔
فائل فوٹو
ڈیرہ اسماعیل خان: (سنو نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 فتنہ الخوارج واصل جہنم ہو گئے۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ پہاڑ پور میں تھانہ پنیالہ کی حدود وانڈہ بڈھ میں پیش آیا جہاں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ اور تھانہ پنیالہ فہیم ممتاز سمیت چار پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں، ایس پی پہاڑپور اقبال بلوچ، ڈی ایس پی عدنان خان اور ڈرائیور طارق شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں توقیر، عرفان اور غلام سبحانی نے جام شہادت نوش کیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو ٹیموں نے شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر زخمی

ترجمان ڈیرہ پولیس نے بتایا کہ علاقہ پنیالہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کا بڑے پیمانے پر آپریشن کیا، ایس پی سی ٹی ڈی،ایس پی پہاڑپور، ڈی ایس پیز پہاڑپور و پنیالہ و ایس ایچ اوز کی زیر قیادت پولیس نے خوارج کا گھیراؤ کیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن سے واپسی پر خوارج نے جنگلات کی آڑ میں پولیس پر بزدلانہ حملہ کیا، پولیس نے بھرپور انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے چار خوارج کو واصل جہنم کردیا۔

دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ اوّلین ترجیح ہے: صدرِ مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر دہشت گرد انہ حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او فہیم ممتاز و دیگر پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، صدر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا اور زخمی افسران کی جلد صحتیابی کی تمنا کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ اوّلین ترجیح ہے۔

کے پی میں قیام امن کیلئے پولیس کی قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے فرض کی راہ میں شہادت کا بلند رتبہ پایا، پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے پولیس کی قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوسناک حملے میں ایس ایچ او فہیم ممتاز سمیت پولیس اہلکاروں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان واقعہ بزدلانہ کارروائی ہے، معصوم جانوں کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے، پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔