چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات وزیراعظم کی خواہش پر ہوئی، ملاقات کے دوران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعظم کو صوبے میں دہشتگردی سے متعلق زمینی حقائق بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وفاق کے ذمے صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخواشفیع جان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کور کمانڈر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی موجودگی میں بھی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دہشت گردی کا مسئلہ اٹھایا۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق ہمیں تشویش ہے، نئے احتجاج کےلیے کنٹینر تیار کیا گیا ہے۔ کنٹینر کا رخ کسی بھی وقت کسی بھی شہر کی جانب مڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ کا فیصلہ
قبل ازیں چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں منعقدہ یوتھ فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو نوجوانوں نے اپنے مینڈیٹ کو چوری ہونے سے بچایا، عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو ہرانے کی کوششوں کو نوجوانوں نے ناکام بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور انہوں نے ملک کو آگے لے جانا ہے، ملک کی بھاگ دوڑ نوجوانوں کو سپرد کرنا ہو گی، بانی پی ٹی آئی عمران خان نوجوانوں کو آگے لائے، عمران خان نے صوبے کی بھاگ دوڑ نوجوان وزیراعلیٰ کو سونپ دی، نوجوان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ملکی سطح پر ابھر رہے ہیں۔