وزیراعظم کا ترلائی دھماکہ متاثرین کیلئے امداد کا اعلان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترلائی دھماکے کے متاثرین اور شہداء کے اہلخانہ کے لیے امداد اور شہداء کے بچوں ، بچیوں کیلئے نوکریوں کا اعلان کر دیا۔
فوٹو بشکریہ وزیراعظم میڈیا سیل
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترلائی دھماکے کے متاثرین اور شہداء کے اہلخانہ کے لیے امداد اور شہداء کے بچوں ، بچیوں کیلئے نوکریوں کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا اور شہدا کےلواحقین اور دھماکے کے متاثرین سے ملاقات کی، وزیراعظم نے شہدا کےدرجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے بدترین بربریت کی کوئی مثال نہیں ہو سکتی، ہم سب کے دل دکھی ہیں، دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گردوں کا کوئی دین ہےاور مذہب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی، ہمارے بزرگ، بھائی، بیٹے اور بچے اس دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہم سب اس پر سوگوار ہیں، افواج پاکستان ہر روز دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، دہشت گردی کے واقعہ پر دل انتہائی دکھی ہے، دہشت گردوں کی ناپاک سازش دفن ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، مسجد میں دھماکہ، 31 افراد شہید، متعدد زخمی

 محمد شہبا زشریف کا کہنا تھا کہ تمام علمائے کرام اور تمام مسالک کے مسلمانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو، اتحاد، یک جہتی اور ہم آہنگی قائم رکھ کر، اسلام اور مسلمان دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا رہے ہیں

وزیراعظم نے شہید عون عباس کی بے مثال شجاعت کے اعتراف میں ان کے اہل خانہ کے لئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہادری اور قربانی کی عظیم مثال نوجوان عون عباس کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، عون عباس کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے شہدا کی فیملیز کیلئے 50، 50 لاکھ ،خودکش حملے میں زخمی ہونے والوں کیلئے 30، 30 لاکھ روپے امداد اور شہدا کےبچوں اور بچیوں کو سرکاری نوکری دینے کا بھی اعلان کیا۔