سندھ: ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کے گرفتار قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم
MPO Orders
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) حکومتِ سندھ نے ایک اہم فیصلے کے تحت محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے تمام ایم پی او کے تحت نظربندی احکامات واپس لے لیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم فروری سے 9 فروری 2026 کے دوران ایم پی او آرڈیننس 1960 کے تحت جاری کیے گئے تمام نظربندی احکامات فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں، اس فیصلے کے نتیجے میں ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کے زیرِ حراست تمام افراد کی رہائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے سینٹرل جیل کراچی اور ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کے قید افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے، تاہم واضح کیا گیا ہے کہ رہائی صرف ان افراد کی ہوگی جو کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ پولیس اور جیل حکام اس فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں، اس سلسلے میں آئی جی سندھ پولیس، جیل حکام، کمشنر کراچی اور تمام متعلقہ ضلعی افسران کو بھی احکامات کی نقول ارسال کر دی گئی ہیں۔

 

حکومتِ سندھ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے پر بلا تاخیر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔