رمضان 2026 کی آمد کے ساتھ ہی پنجاب حکومت نے نگہبان دسترخوان، مریم کے مہمان پروگرام کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس کا مقصد صوبے بھر میں روزہ داروں کو مفت افطار فراہم کرنا ہے، اس منصوبے کے لیے حکومت نے 6 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام سے تقریباً 10 لاکھ افراد مستفید ہوں گے جبکہ پنجاب کے ہر تحصیل میں افطار کے انتظامات کیے جائیں گے، ہر دسترخوان پر روزانہ ہزاروں روزہ داروں کے لیے افطار کا بندوبست ہوگا تاکہ پورے رمضان میں مفت کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
مفت افطار میں کھجوریں، سموسے، تازہ پھل اور مشروبات شامل ہوں گے جو روزہ داروں کے لیے ایک مکمل اور سہل افطار ہوگا، نگہبان دسترخوان پروگرام کو باقاعدہ طور پر رمضان نگہبان پیکیج کا حصہ بنایا گیا ہے جو رمضان کے دوران عوامی فلاح کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج: سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی تاریخ میں توسیع
حکام نے بتایا کہ اس سال پنجاب حکومت رمضان کے دوران مختلف عوامی فلاح و امدادی منصوبوں پر مجموعی طور پر 49 ارب روپے خرچ کرے گی جن میں مفت افطار کی تقسیم جیسے پروگرام بھی شامل ہیں تاکہ روزہ دار شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک میں سخاوت اور باہمی تعاون کے جذبے کو فروغ دینا، مستحق افراد کی مدد کرنا اور روزہ داروں کو دن بھر کے روزے کے بعد غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنا ہے۔
اس اقدام کو مقامی کمیونٹیز کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے جبکہ حکام نے شہریوں کو ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے اور رمضان کے جذبے میں شریک ہونے کی ترغیب دی ہے۔