عازمینِ حج: سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی تاریخ میں توسیع
وزارتِ مذہبی امور پاکستان
وزارتِ مذہبی امور پاکستان نے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) وزارتِ مذہبی امور پاکستان نے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا، جس کے بعد اب عازمینِ حج کو مزید مہلت مل گئی ہے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق سعودی ویزہ بائیو میٹرک مکمل کروانے کی حتمی ڈیڈ لائن 17 فروری مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد کسی بھی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سعودی ویزہ بائیو میٹرک حج ویزہ کے حصول کے لیے لازمی شرط ہے اور اس کے بغیر کسی بھی عازم کو حج ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عازمین کی سہولت کے لیے بائیو میٹرک کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مقررہ وقت میں یہ مرحلہ مکمل کر سکیں۔

عازمینِ حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سعودی ویزہ بائیو میٹرک موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے یہ عمل مکمل کریں۔ موبائل ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک کروانے سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ طویل قطاروں اور اضافی اخراجات سے بھی نجات ملے گی۔ ترجمان کے مطابق یہ سہولت خاص طور پر بزرگ عازمین اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سال 2026، پنجاب حکومت کا سرکاری چھٹیوں کا اعلان

اس کے علاوہ وہ عازمین جو موبائل ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک مکمل کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں، وہ ملک کے چھے بڑے شہروں میں قائم سعودی تاشیرہ سینٹرز سے بھی بائیو میٹرک کروا سکتے ہیں۔ ان سینٹرز میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان مذہبی امور نے مزید کہا کہ عازمین حج بائیو میٹرک مکمل کروانے کے بعد تاشیرہ سینٹرز سے ملنے والی رسید یا تصدیقی ای میل لازمی طور پر اپنے پاس محفوظ رکھیں، کیونکہ یہ دستاویزات آئندہ مراحل میں طلب کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بائیو میٹرک کے بغیر حج ویزہ جاری نہیں ہو گا، اس لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ حج 2026 کے انتظامات کے سلسلے میں حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی رابطہ قائم ہے، تاکہ عازمین کو بروقت ویزے اور دیگر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزارت مذہبی امور نے تمام عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل اپنا بائیو میٹرک لازمی مکمل کریں تاکہ حج کے مقدس سفر میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔