بسنت کی آمد کے ساتھ ہی لاہور کا رخ کرنے والے شہریوں کو غیر معمولی مہنگائی کا سامنا ہے، کراچی سے لاہور جانے والی پروازوں کے ٹکٹ اچانک کئی گنا بڑھ گئے ہیں جس سے مسافروں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی و نجی ایئرلائنز نے بڑھتی طلب کے پیش نظر کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے اور یکطرفہ ٹکٹ کی قیمت 68 ہزار روپے سے بھی اوپر جا چکی ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ محدود نشستوں کے باعث ہر گزرتے لمحے نرخ بڑھ رہے ہیں جس سے عام آدمی کیلئے سفر کرنا دشوار ہوگیا ہے، 5 فروری کی سرکاری تعطیل کے باعث قبل از وقت روانگی اختیار کرنے والے افراد نے بھی مجبوراً مہنگے ٹکٹ خریدے۔
یہ بھی پڑھیں: بسنت: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 3 روز کیلئے نوٹم جاری
دوسری جانب ریلوے کا نظام بھی دباو میں آ گیا ہے جہاں کراچی سے لاہور جانے والی ٹرینوں میں رش بڑھنے کے باعث نشستیں تیزی سے ختم ہو رہی ہیں اور کئی شہریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض افراد ٹرین میں جگہ نہ ملنے پر فضائی سفر اختیار کرنے پر مجبور ہیں جو پہلے ہی مہنگا ہو چکا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرایوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تا کہ تہوار کی خوشیاں مہنگے سفر کی نذر نہ ہوں۔