مولانا طارق جمیل کی بسنت منانے کی ویڈیو وائرل
معروف مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل
سوشل میڈیا پر معروف مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل کی لاہور میں بسنت منانے کی مبینہ ویڈیو وائرل ہے/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) سوشل میڈیا پر معروف مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل کی لاہور میں بسنت منانے کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوام میں نئی بحث چھڑ گئی۔ ویڈیو نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔

لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز گزشتہ رات 12 بجے سے سخت حفاظتی انتظامات کے تحت ہو چکا ہے۔ شہر بھر میں چھتوں پر پتنگ بازی، رنگ برنگی پتنگوں اور جشن کا سماں ہے۔ بسنت کی تقریبات میں شرکت کے لیے نہ صرف لاہور بلکہ ملک کے دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے بھی شہری بڑی تعداد میں لاہور پہنچے ہیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور حکومت کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مولانا طارق جمیل کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے بسنت منانے کی شرعی حیثیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے بحث چھیڑ دی کہ آیا یہ تہوار مذہبی لحاظ سے جائز ہے یا نہیں۔ دوسری جانب کئی صارفین نے ویڈیو کو جعلی اور اے آئی سے تیار کردہ قرار دیتے ہوئے اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بسنت کے لیے ٹرانسپورٹ پلان سامنے آگیا

عبدالقیوم صدیقی نے بھی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر اس ویڈیو کی ایڈیٹنگ کے لیے کون سا جدید سافٹ ویئر استعمال کیا گیا ہے۔ ایک اور صارف نے نشاندہی کی کہ بابر اعظم اس وقت ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ایسے میں ان کا بسنت منانے کے لیے لاہور میں موجود ہونا بظاہر ممکن نہیں لگتا، جو اس ویڈیو کے جعلی ہونے کی ایک اور دلیل ہے۔

حکومت نے 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو محدود پیمانے پر پتنگ بازی کی اجازت دی ہے، تاہم اس کے ساتھ سخت قواعد و ضوابط بھی نافذ کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ اور جعلی معلومات پر یقین کرنے کے بجائے مستند ذرائع پر ہی انحصار کیا جائے۔