پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کوئٹہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل کو بھارتی حمایت یافتہ، بین الاقوامی طور پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندستان کی حالیہ کارروائیوں اور سکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر ردعمل سے آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بروقت ردعمل کے باعث دہشت گردوں کے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے عزائم ناکام بنائے گئے، کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا، دہشت گردی کو کسی بھی جواز کے تحت درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں موجود امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہونیکا انکشاف
آرمی چیف نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی عیادت کی اور ان کے بلند حوصلے اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔