سامان جلد سستا ہو گا، سب خوشی خوشی بسنت منا سکیں گے: عظمیٰ
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بسنت سے منسلک سامان سستا ہونے کی خوشخبری سنائی/فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بسنت سے منسلک سامان سستا ہونے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سامان جلد سستا ہو گا، سب خوشی خوشی بسنت منا سکیں گے۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہےکہ لاہور میں بسنت کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود حفاظتی اقدامات اور انتظامی تیاریوں سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گی، بسنت کے موقع پر لاہور کے ہر کونے میں عوام کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے تحت ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب بسنت کے لیے طے شدہ ایس او پیز سے متعلق بھی تفصیلی آگاہی دیں گی تاکہ شہری محفوظ ماحول میں تہوار منا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بسنت: گڈے، پتنگیں اور ڈور کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں؟

عظمٰی بخاری نے بتایا کہ اندرون لاہور میں سروے کے بعد خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی عمارتوں کے حوالے سے جو طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اس کی تفصیلات بھی وزیراعلیٰ پنجاب عوام کے سامنے رکھیں گی۔ پتنگیں اور ڈور مہنگی ہونے کی شکایات موصول ہونے پر مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دی گئی ہے تاکہ طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں 350 روپے میں پتنگ فروخت ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد قیمتوں کو متوازن بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سامان جلد سستا ہو جائے گا اور سب لوگ خوشی خوشی بسنت منا سکیں گے۔

وزیر اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے بسنت کو تہوار کی طرح منائیں، نہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالیں اور نہ دوسروں کی۔ اگر ہم ایس او پیز کے تحت بسنت منانے میں کامیاب ہو گئے تو اگلے سال پورے پنجاب میں بسنت منائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف لاہور کی بسنت نہیں ہے بلکہ پورے ملک سے لوگ بسنت منانے لاہور آ رہے ہیں۔ بسنت کے باعث 8 سے 10 صنعتوں کو روزگار ملا ہے اور گزشتہ2 روز میں 34 کروڑ روپے کی پتنگیں فروخت ہو چکی ہیں، جو اس تہوار کی معاشی اہمیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔